بیجنگ: چینی جامعہ کے ایک پروفیسر نے اپنے طالب علموں کے لیے عجیب اعلان کیا ہے کہ اگر وہ چینی فیس بک ’ وی چیٹ‘ پر 1,667 نئے دوست بنائیں گے تو انہیں امتحان میں اے پلس کے برابر نمبر دیئے جائیں گے۔
چین کی مشہور ہینان یونیورسٹی برائے قانون و معاشیات کے آن لائن اور نیو میڈیا کورس کے پروفیسر نے یہ متنازع ہوم ورک دیا ہے۔ پروفیسر کے مطابق اگر کوئی بچہ 1001 دوست بنائے گا تو اسے 100 میں سے 60 نمبر ملیں گے۔ یہ تو پہلی حد ہے لیکن طلبا وطالبات سوشل میڈیا پر اگر 1,667 دوست بناتے ہیں تو ان کے نمبر پڑھ جائیں گے اور وہ اے پلس کے درجے میں شمار ہوں گے۔
پوری تنقید کے باوجود یونیورسٹی نے اپنے استاد کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جامعات تک پہنچ جانے کے باوجود کئی بچے اپنی ذات کے خول میں بند رہتے ہیں۔ اس عمل کا مقصد انہیں عملی زندگی کے لیے تیار کرنا ہے تاہم کئی طالب علموں نے اس ہدف کو ناممکن قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ وی چیٹ چین کا مشہور سوشل میڈیا پلیٹ فارم بھی ہے جسے آپ وہاں کا فیس بک قرار دے سکتے ہیں۔