Ad

Saturday, March 23, 2019

انسان کا تخلیق کردہ دنیا میں سب سے بڑا کیا؟

فلک بوس عمارات سے لے کر جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ ائیرپورٹس تک انسان متعدد متاثر کن عجائبات تعمیر کرنے کا اعزاز رکھتا ہے- تاریخ سے لے کر آج کی دنیا تک اگر ہم دیکھیں تو انسان نے بہت سی ترقی کی منازل طے کی ہیں- انسان اپنی ہی تخلیق کردہ چیزوں کو مسلسل جدت دے رہا ہے اور انہیں پہلے سے زیادہ بڑا اور بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے- ہم یہاں انسان کے تخلیق کردہ چند ایسے ہی عجائبات کا ذکر کریں گے جو دنیا کی سب سے بڑی اشیا ہیں اور گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا حصہ بھی ہیں-
 
ٹرین:
دنیا کی سب سے طویل ترین اور وزنی ٹرین 20 فروری 1986 کو سوویت یونین کے علاقے Ekibastuz سے Urals تک چلائی گئی- اس ٹرین میں 439 بوگیاں نصب تھیں جبکہ ان کا وزن 43400 ٹن بنتا تھا- اس ٹرین کی لمبائی 4 میل تک بنتی تھی-

سوئمنگ پول:
دنیا کا سب سے بڑا سوئمنگ پول چلی کے ریزورٹ San Alfonso del Mar کے کرسٹل لیگون میں واقع ہے- اس پول میں 66 ملین گیلن پانی موجود ہے اور یہاں ایک وقت میں ہزاروں افراد سوئمنگ کر سکتے ہیں- اس پول کے ساتھ ہی ایک مصنوعی ساحل بھی موجود ہے-

سب وے (میٹرو سسٹم):
سیول سب وے دنیا کا سب سے طویل ترین سب وے ہے- اس سب وے کی لمبائی 940 کلومیٹر ہے- یہاں سب سے پہلی لائن کا افتتاح 1974 میں کیا گیا اور اج اس سب وے سسٹم پر 17 ٹریک اپنی خدمات سر انجام دے رہے ہیں-

اسپورٹس ایرینا:
جنوبی کوریا کے علاقے پیونگ یانگ میں واقع Rungrado 1st of May نامی اسٹیڈیم دنیا کا سب سے بڑا اسٹیڈیم ہے- اس کا افتتاح 1 مئی 1989 کو کیا گیا اور یہاں 1 لاکھ 50 ہزار افراد کی گنجائش ہے- یہ اسٹیڈیم 2 لاکھ 7 ہزار اسکوائر میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے- اس اسٹیڈیم کو مختلف مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے-

سیٹلائٹ:
TerreStar-1 کو دنیا کی سب سے بڑی کمرشل سیٹلائٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے- اس سیٹلائٹ کا وزن 6910 کلو گرام ہے-یہ سیٹلائٹ فرانس کے ایک اسپیس سینٹر Guiana نے مدار میں بھیجی تھی- اس سیٹلائٹ کو مدار میں 1 جولائی 2009 کو بھیجا گیا-

کتاب:
دنیا کی سب سے بڑی کتاب دبئی کے مشہد انٹرنیشنل گروپ نے تیار کی- 429 صفحات پر مشتمل اس کتاب کا وزن 1500 کلوگرام ہے- اس کتاب کی چوڑائی 5 میٹر جبکہ لمبائی 8.06 میٹر ہے- یہ کتاب 27 فروری 2012 کو دنیا کے سامنے پیش کی گئی- یہ ایک اسلامی کتاب ہے-

پنسل:
دنیا کی سب سے بڑی اور لمبی پنسل برطانیہ کے Ed Douglas Miller نے 17 ستمبر 2013 کو تیار کی- اس پنسل کی لمبائی 323.51 میٹر بنتی ہے-

پارلیمنٹ:
یہ عمارت رومانیہ کے علاقے Bucharest میں واقع پارلیمنٹ کا پیلس ہے- اس عمارت کو آرکیٹیکٹ Anca Petrescu نے ڈیزائن کیا- یہ اپنے انتظامی امور کے ساتھ دنیا کی سب سے بلند ترین سویلین عمارت ہے- اس کے علاوہ یہ دنیا کی ایک مہنگی ترین عمارت بھی ہے-

فلک بوس عمارت:
دبئی میں واقع برج خلیفہ کو دنیا کی سب سے بلند ترین عمارت ہونے کا اعزاز حاصل ہے- اس عمارت کی بلندی 829.8 میٹر ہے جو کہ 2,719.8 فٹ بنتی ہے- اس عمارت کو اپنے افتتاح سے قبل برج دبئی کے نام سے جانا جاتا تھا-

کیسل:
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق چیک ری پبلک میں واقع Prague Castle دنیا کا سب سے قدیم اور بڑا کیسل ہے- یہ محل 70 ہزار اسکوائر میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے- اس محل کی بلندی 570 میٹر جبکہ چوڑائی 130 میٹر ہے-