یورپی یونین کے ریگولیٹرز نے سب سے بڑی ٹیکنالوجی کمپنی اور سرچ انجن گوگل پر آن لائن اشتہارات کے قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے پر ایک ارب 68؍ لاکھ ڈالر کا جرمانہ عائد کردیا۔ دنیا کے سب سے بڑے سرچ انجن پر تازہ جرمانے سے قبل بھی 2 مرتبہ جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے۔ برسلز میں یورپی یونین ریگولیٹرز کی کمشنر مارگیرٹی ویسٹیگر نے گوگل ایڈسینس کے ذریعےآن لائن تشہیری بزنس کے خلاف چلنے والے طویل تحقیقات کے نتائج پیش کرتے ہوئے تیسری مرتبہ جرمانے کا اعلان کیا۔ کمشنر نے کہا کہ گوگل نے آن لائن تشہیر میں دیگر ویب سائٹس کو روکنے اور اپنی بالادستی برقرار رکھنے کیلئے ایڈ سینس پلیٹ فارم کے علاوہ بروکرز کا بھی استعمال کیا۔ کمیشن کے مطابق گوگل اور اس کی سرپرست کمپنی الفابیٹ نے یورپی یونین کے اینٹی ٹرسٹ (بھروسہ توڑنے کے) قوانین کو توڑا اور ایڈسینس استعمال کرنے والی ویب سائٹس کے ساتھ معاہدے میں قابل اعتراض شق کو شامل کیا جس کی وجہ سے گوگل کے مد مقابل دیگر کمپنیوں کے اشتہارات اپنی جگہ نہیں بنا سکے۔